رمضان انسائیکلوپیڈیا : 1

بسم اللہ الرحمن الرحیم

رمضان انسائیکلوپیڈیا

بتاریخ :2،رمضان 1433ھ

از قلم :شیخ مقصود الحسن فیضی حفظہ اللہ

رمضان اور فضیلت رمضان [1]

روزہ اس کے فضائل :

روزہ دین کا اہم رکن اور اسلام کا بڑا اہم فریضہ ہے ، اللہ تبارک وتعالی نے روزہ میں بہت سے مادی و معنوی فوائد رکھے ہیں ، جن کا صحیح اندازہ کرنا بہت مشکل ہے ، ہماری گفتگو چند ان اخروی فوائد سے متعلق ہے جو شارع حکیم نے بیان کردیا ہے اور جن کوسامنے رکھنے کے بعد ایک بندہ مومن کو روزہ رکھنے کا شوق پیدا ہوتا ہے ۔

[۱] غیر محدود اجر : تمام نیک اعمال کا اجر تو اللہ تعالی نے متعین کردیا ہے یعنی ایک نیکی کا بدلہ دس سے لے کر سات سو گنا تک ، ارشاد نبوی ہے ” لوگوں کے اعمال چھ قسم کے ہیں :

۱- جنت کو واجب کردینے والا عمل ، یعنی توحید خالص ۔

۲- جہنم کو واجب کردینے والا عمل یعنی شرک وکفر ۔

۳- برابر سرابر نیکی ،یعنی جس نے نیکی کا ارادہ اخلاص سے کیا اور نہ کرسکا ۔

۴- برابر سرابر بدی ،یعنی جس نے برائی کا ارادہ کیا اور کرگزرا ۔

۵- دس گنا، ارادے کے بعد نیکی کرنے کا بدلہ دس گنا۔

۶- جہاد میں خرچ ۔

{ مسند احمد :4/345 ، صحیح ابن حبان :31 ،بروایت خریم بن فاتک }۔

البتہ روزہ ایک ایسی عبادت ہے جس کا اجر اللہ تعالی نے بیان نہیں کیا ہے ، چنانچہ مشہور حدیث قدسی میں ہے کہ ابن آدم کے تمام اعمال کا ثواب اسے بتلادیا گیا ہے سوائے روزہ کہ وہ میرے لئے ہے اور میں ہی اس کا بدلہ دوں گا ،

بخاری ومسلم ۔

[۲] جنت کا راستہ : جنت میں داخلہ ہر مومن کی اول و آخر خواہش ہے اور اس میں داخلہ کا ایک بہترین سبب روزہ ہے ، مشہور صحابی رسول حضرت ابو امامہ الباہلی رضی اللہ عنہ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے سوال کیا : اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم مجھے کوئی ایسا عمل بتلائیے جس کا اہتمام کرلوں تو اللہ تعالی مجھے جنت میں داخل کردے ؟ آپ نے فرمایا : تم روزہ رکھو اس لئے کہ اس بارے میں روزہ کا مقابلہ کوئی اور عمل نہیں کرسکتا ۔ الحدیث ۔

{ صحیح ابن حبان } ۔

[۳] جنت کا ایک دروازہ خاص ہے : نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ جنت کے ایک دروازے کا نام ریان ہے قیامت کے دن جس سے صرف روزہ دار لوگ داخل ہوں گے ، پھر جب وہ داخل ہوجائیں گے تو اسے بند کردیا جائے گا اور اس سے کوئی دوسرا داخل نہ ہو گا اور جو شخص بھی اس دروازے سے داخل ہوگیا وہ کبھی بھی پیاسا نہ ہوگا ۔

{ متفق علیہ بروایت سہل بن سعد }۔

[۴] دوزخ کی آگ سے بچاو : جس طرح روزہ جنت میں داخلہ کا بڑا ذریعہ ہے اسی طرح دوزخ کی آگ سے بچنے کا ایک بہترین وسیلہ بھی روزہ ہے ، یعنی اگر کوئی بندہ مومن شرعی روزے کا اہتمام کرلے اور اس کے حدود کا پاس و لحاظ رکھ لے تو وہ جہنم کی آگ سے محفوظ رہے گا گویا جنت میں اس کا دخو ل اولیں ہوگا ۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے :

” روزہ ڈھال ہے اور آگ سے بچنے کا مضبوط قلعہ ہے ”

{ مسند احمد بروایت ابو ہریرہ } ۔

ایک اور حدیث میں ہے کہ جو شخص اللہ کی رضا کے لئے ایک دن کا روزہ رکھ لے تو اللہ تعالی ان کے چہرے کو جہنم سے ستر سال کی مسافت دوری پر کردیتا ہے ۔

{ متفق علیہ ، بروایت ابو سعید } ۔

[۵] روزہ محبوب الہی ہے : روزہ اور روزہ دار اللہ کو اس قدر محبوب ہے کہ روزہ دار کی منھ کی بو رب کے نزدیک کستوری سے بھی زیادہ پسندیدہ ہے ، نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا :

اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے یقینا روزہ دار کے منھ کو بو اللہ تعالی کے نزدیک کستوری کی خوشبو سے زیادہ محبوب ہے ۔

{ متفق علیہ بروایت ابو ہریرہ } ۔

[۶] روزہ گناہوں کا کفارہ ہے :

– جیسے رمضان کا روزہ پچھلے تمام گناہوں کا کفارہ ہے ۔

{ متفق علیہ ، بروایت ابو ہریرہ } ۔

– عاشورہ کا روزہ پچھلے ایک سال کے گناہوں کا کفارہ ہے ۔

– اور عرفہ کا روزہ ایک گزشتہ اور ایک آئندہ دو سال کے گناہوں کا کفارہ ہے ۔ وغیرہ

{ صحیح مسلم بروایت ابو قتادہ } ۔

[۷] روزہ شفاعت کرے گا : روزہ ان اعمال میں سے ہے جن کے بارے میں صریح حدیث وارد ہے کہ وہ قیامت کے دن بندوں کی شفارش کریں گے اور خوبی یہ کہ ان کی شفارش قبول بھی کی جائے گی ۔ ارشاد نبوی ہے :

روزہ اور قرآن قیامت کے دن اللہ کے حضور بندوں کی شفارش کریں گے ، روزہ کہے گا کہ اے رب ! میں نے اسے کھانے پینے اور شہوت سے روکے رکھا تھا لہذا اس کے بارے میں میری شفاعت قبول فرما ، اور قرآن کہے گا اے میرے رب میں نے اسے رات میں سونے سے روکے رکھا تھا لہذ ااس کے بارے میں میری شفاعت قبول فرما ، تو اللہ تعالی ان دونوں کی شفاعت قبول بھی فرمائے گا ۔

{ احمد الطبرانی ، بروایت عبد اللہ بن عمرو } ۔

[۸] دل کی بیماریوں علاج :دل تمام اعضاء کا سردار ہے ،اگر وہ خیر و سلامت رہا تو تمام جسم خیر و سلامتی سے رہے گا اور اگر وہ بگڑ گیا تو سارا جسم فساد کا شکار ہوجاتا ہے ، اور واضح رہے کہ دل کے فساد کا بہترین علاج روزہ ہے ۔ ارشاد نبوی ہے ” صبرکے مہینے یعنی رمضان کا روزہ اور ہر ماہ تین دن کا روزہ دل کی بیماریوں جیسے کینہ ، حسد وغیرہ کو دور کردیتا ہے ۔

{ مسند احمد – صحیح ابن حبان ، بروایت ابن عباس } ۔

ختم شدہ